پام پری، ایک عمدہ سافٹ وئر ۔۔ ایک ناقص ہارڈ وئر

ایپل آئی فون نے موبائل فونز کی دنیا میں جو انقلاب برپا کیا ہے اس سے پیدا ہونے والی تبدیلی کے اثرات اب واضح طور پر نظر آنے شروع ہوگئے ہیں۔ بلیک بیری اسٹروم، گوگل اینڈروائڈ پاورڈ فونز کے بعد اب پام پری عام لوگوں‌ کے لیے دستیاب ہے۔ امریکہ میں موبائل فونز کا کاروبار ایک الگ ہی ڈھنگ سے ہوتا ہے اور ایک خاص ماڈل کے فون پر عموما ایک سروس پرووائڈر کی اجارہ داری ہوجاتی ہے جیسے آئی فون اے ٹی اینڈ ٹی، گوگل جی ون  ٹی موبل، بلیک بیری اسٹروم ویرائیزون اور اب پام پری صرف اسپرنٹ سے ہی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

پام پری ایک بالکل نئے لیکنس بیسڈ آپریٹنگ سسٹم  ویب اوس کے ساتھ منظر عام پر آیا ہے اور یہاں تک کہا جارہا ہے کہ پام پری پام کمپنی کے لیے آر یا پار کا کام کرے گا۔ جہاں تک پام پری کے نئے موبائل آپریٹنگ سسٹم کا تعلق ہے یہ ایک متاثر کن آپریٹنگ سسٹم ہے جس میں ٹچ اسکرین، ملٹی ٹاسکنگ، ایک نہایت ہی بہترین ایڈریس بک جو آپ کے تمام آن لائن اکاؤنٹس جیسے فیس بک، یاہو اور گوگل سے ہم آہنگ رہتا ہے۔ ایمیزون میوزک اسٹور اور ایپ اسٹور کی خوبیوں کو آپ آئی فون کا چربہ کہہ سکتے ہیں لیکن اگر اوپن سورس کمیونٹی ویب اوس پر متحرک ہوجاتی ہے تو ایک بالکل الگ صورتحال ہوگی؛ ویسے بھی ایپ اسٹور کی کامیابی پام پری کی کامیابی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ جی پی ایس سے آراستہ اس فون میں گوگل میپس کی اچھی ایپ اور اسپرنٹ نیویگیٹر بھی نہایت عمدہ ہے لیکن فی الحال ہارڈ ویر کا میعار انتہائی ناقص ہے۔ ہوسکتا ہے کہ کسی کو بڑا اچھا سیٹ مل گیا ہو لیکن دو بار تبدیلی کے بعد بھی ایک پراڈکشن کوالٹی ہارڈ ویر نہیں مل سکا اور آخر کار مجھے پام پری واپس کرنا پڑا۔

پام پری میں سافٹ کی بورڈ کے بجائے ایک  ہارڈ ویر کی بورڈ لگایا گیا ہے اور کی بورڈ سلائڈر ایک طرح سے ڈیل بریکر بن گیا ہے۔ نہ صرف میری ذاتی شکایت سلائڈر سے تھی بلکہ کئی دوسرے لوگوں کی شکایت بھی سلائڈر سے رہی۔ فون کے دونوں پارچے بھی ایک دوسرے کو رگڑتے رہے اور سلائڈر بند کرنے پر بھی ان کے درمیان کافی خلا رہتا تھا جس کی وجہ سے دونوں سروں میں ایک چال سی نمایاں ہے۔ ایک مہنگے فون کے لیے اسطرح کا ہارڈ ویر زہر قاتل ثابت ہوسکتا ہے جبکہ اپ گریڈ کی قمیت پانچ سو ڈالر سے تجاوز کرتی ہو۔

ایک نہایت ہی عمدہ سافٹ ویر جو آنے والے دنوں میں ایپل آئی فون کو سخت مقابلہ دے سکتا ہے لیکن ایک انتہائی برا ہارڈ ویر اس کے کفن کا کام بھی کرسکتا ہے۔ میری ذاتی رائے میں اگر کسی کو پام پری خریدنا ہو تو اس کی دوسری نسل کا انتظار مناسب رہے گا کیونکہ فی الحال یہ جلدی میں مارکیٹ کیا گیا پراڈکٹ معلوم ہوتا ہے جس کو کسی صورت پراڈکشن میعار کا نہیں کہا جاسکتا۔

آپ کے تبصرے۔ اب تک کل تعداد ۔ (2)

فیصل

July 2nd, 2009 at 7:35 am    


سر جی اس سے بہتر تو نوکیا این 97 ہے۔
ہے تو این سیریز لیکن ٹچ سکرین اور فل کی پیڈ ۔۔۔
ہارڈ ویر کی کوالٹی تو نوکیا میں مسئلہ ہی نہیں ہے۔

راشد کامران

July 2nd, 2009 at 11:36 am    


فیصل صاحب میں‌ اتفاق کرتا ہوں‌اور اس چیز میں تو کوئی شبہ نہیں‌کہ نوکیا، سام سنگ اور اب آئی فون یا بلیک بیری کی ہارڈ وئر کوالٹی کبھی مسئلہ نہیں بنتی اور پام کو اگر اس مارکیٹ میں مقابلہ کرنا ہے تو اس طرح کےا ناقص ہارڈ وئر کی کوئی بھی امید نہیں کرتا جب کہ سافٹ وئر نہ صرف یہ کہ اچھی کوالٹی کا ہے بلکہ کئی فیچرز تو موبائل فونز پر بالکل نئے ہیں اور بہت پریکٹیکل ہیں۔

اس بارے میں اپنی رائے کا کھل کر اظہار کریں

Name *

Mail *

Website